نئی دہلی،27؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پریس کلب آف انڈیا (پی سی آئی) کے انتخابات میں لاہری -ونئے-بھارتی-مہوا-سنجے پینل کو ایک بار پھر زبردست کامیابی ملی ہے۔ انتخابی نتائج کل دیر رات جاری کئے گئے جس میں گوتم لاہری صدر، منورنجن بھارتی نائب صدر، ونے کمار جنرل سیکرٹری، سنجے سنگھ جوائنٹ سکریٹری اور مہوا چٹرجی خزانچی منتخب ہوئے ۔الیکشن 25 نومبر کو ہوا تھا اور ووٹوں کی گنتی کل شروع ہوئی اور نتائج دیر رات تک آئے۔ لاہری-ونے پینل کو منیجنگ کمیٹی کی 16 میں سے 15 سیٹوں پر جیت ملنا اس پینل کی بڑی کامیابی ہے۔پی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے ارکان کے لئے سینئر صحافی اے یو آصف، ابھیشیک شریواستو، آدیتی نگم، افضل امام، انیتا چودھری، جی کرشن موہن راؤ، جامی تھامس،کلیان بروا، کمل کشور شنکر، نیرج ٹھاکر، پرمود کمار - (2)، سدھی رنجن سین، سجیت کمار ٹھاکر، سشیل کمار، اوماکانت لکھیرا اور وجے شنکر چترویدی چنے گئے۔ لاہری-ونے پینل نے ووٹوں کی گنتی میں شروعات سے ہی برتری بنائے رکھی اور بھاری فرق سے اپنے حریفوں کو شکست دی۔ مسٹر لاہری کو 1107 ووٹ ملے جبکہ اسی عہدے دوسرے نمبر پر رہنے والے انیکیندر ناتھ سین کو 536 ووٹ ملے جبکہ تیسرے امیدوار محمد آزاد کو محض 31 ووٹ ملے ہیں۔ نائب صدر کے عہدے پر مسٹر بھارتی کو 959 ووٹ ملے جبکہ جتن گاندھی کو 612 اور حبیب اختر کو صرف 81 ووٹ ملے ہیں۔جنرل سکریٹری عہدہ کیلئے مسٹر کمار کو 904 ووٹ ملے جبکہ شاہد فریدی کو 567 اور روی شرما کو 88 ووٹ ملے ہیں۔ جوائنٹ سکریٹری کے عہدہ کے امیدوار سنجے سنگھ کو 858 ووٹ ملے جبکہ پروین جین کو 511، پرمود کمار شرما کو 106 اور روی بترا کو 104 ووٹ ملے۔ اسی طرح خزانچی عہدے پر مہوا چٹرجی کو 1016 جبکہ نرنمیش کمار کو 546 ووٹ ملے ہیں۔